اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان سے انخلا میں تاخیر، فائرنگ سے 3 ہلاک اور 44 زخمی

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی فوج کے لبنان سے انخلا کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود اسرائیلی فورسز جنوبی لبنان میں موجود ہیں۔ اس دوران لبنانی عوام، اپنی فوج کے ساتھ مل کر، اپنے قصبوں اور دیہاتوں کو واپس لوٹنے کا سلسلہ شروع کر چکے ہیں۔

نگران وزیر اعظم نجیب میقاتی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ان بے گھر لبنانیوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں کفر کلا، حولا، عیترون، اور عیتا الشعب میں 3 افراد ہلاک اور 44 زخمی ہوگئے۔

نجیب میقاتی نے اتوار کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ لبنانی عوام نے اسرائیلی دھمکیوں کے باوجود اپنی زمین اور شناخت کے ساتھ وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے ان شہریوں کو مبارکباد پیش کی جو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اپنے گھروں کو واپس لوٹے ہیں۔

انہوں نے بین الاقوامی برادری اور جنگ بندی معاہدے کی سرپرستی کرنے والے ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکیں اور تل ابیب کو قبضہ شدہ علاقوں سے دستبردار ہونے پر مجبور کریں۔ نجیب میقاتی نے خبردار کیا کہ اگر اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 پر عمل درآمد سے پسپائی اختیار کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

Comments are closed.