پنجاب میں تباہ کن سیلاب: 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر، 30 جاں بحق : مریم اورنگزیب

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں بتایا کہ پنجاب میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے تین دریاؤں کے کنارے واقع 2 ہزار 38 موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک 15 لاکھ 16 ہزار 603 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔
ان کے مطابق دریائے چناب سے 1,169، دریائے راوی سے 462 اور دریائے ستلج سے 391 موضع جات متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی نگرانی میں ریلیف آپریشن

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اس مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہیں اور ریلیف آپریشن کی براہ راست نگرانی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی، ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے “ایک مٹھی” بن کر عوام کی خدمت اور مدد کر رہے ہیں۔

ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی تفصیلات

وزیر کے مطابق پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا گرینڈ ریسکیو آپریشن پوری رفتار، مشینری اور وسائل کے ساتھ جاری ہے۔

اب تک 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

سیلاب متاثرین کے لیے 511 ریلیف کیمپس اور 351 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں 6 ہزار 373 افراد قیام پذیر ہیں۔

4 لاکھ 5 ہزار سے زائد مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیے گئے ہیں جبکہ 321 ویٹرنری کیمپس ان کا علاج معالجہ فراہم کر رہے ہیں۔

صرف گزشتہ 36 گھنٹوں میں 68 ہزار 477 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے۔

اس وقت 808 کشتیاں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو مشن میں شریک ہیں۔

پیشگی انتظامات اور مستقبل کی حکمت عملی

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے بروقت حفاظتی اقدامات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کی وجہ سے بڑے جانی نقصان سے پنجاب بچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب تباہی میں بدل چکی ہے اور حکومت جدید ترین وارننگ سسٹم پنجاب میں لائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے بحالی کے بعد تجاوزات کے خاتمے کے لیے بڑا آپریشن کیا جائے گا اور حالیہ تجربات کی روشنی میں ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

ریسکیو اہلکاروں کو خراجِ تحسین

صوبائی وزیر نے کہا کہ ریسکیو اور ریلیف میں مصروف اہلکار ہمارے ہیروز ہیں۔ متاثرین کی بحالی اور نقصانات کا ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

Comments are closed.