امریکہ کے سابق صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ڈیموکریٹک حریف کاملا ہیرس کے ساتھ ایک اور مباحثے سے معذرت کر لی ہے۔
ٹرمپ نے سوشل پلیٹ فارم ‘ٹروتھ’ پر ایک بیان میں کہا ہے کہ “تیسرے مباحثے کی ضرورت نہیں ہے۔”
‘اے بی سی’ نیوز نے ٹرمپ اور کاملا ہیرس کے درمیان پہلے مباحثے کی میزبانی کی تھی جب کہ اس سے قبل جون میں ٹرمپ اور صدر جو بائیڈن کے درمیان بھی مباحثہ ہو چکا ہے۔
ایک اور مباحثے سے انکار کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہارا ہوا “پیشہ ور باکسر” ہمیشہ یہی کہتا ہے کہ ایک اور میچ کر لیا جائے۔
ایک روز قبل ہی سابق صدر نے کاملا ہیرس سے دوبارہ مباحثے سے متعلق سوال پر کہا تھا کہ انہیں اس کا علم نہیں کہ آیا وہ مباحثے کا حصہ بنیں گے یا نہیں۔
بعض ری پبلکن سینیٹرز نے ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ ہیرس سے دوبارہ مباحثہ کریں۔
ٹرمپ اور ہیرس کے درمیان ہونے والے مباحثے کو چھ کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا تھا۔ ٹرمپ دوبارہ مباحثے کا حصہ بننے سے متعلق اپنا ارادہ تبدیل بھی کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کاملا ہیرس نے نارتھ کیرولائنا میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ وہ اور سابق صدر ٹرمپ دوبارہ مباحثے میں ایک دوسرے کے سامنے آنے کے لیے ووٹرز کے مقروض ہیں۔
Comments are closed.