غزہ اور کشمیر پر دوہرا معیار ناقابل قبول ہے:نیویارک میں عاصم افتخار کی پریس کانفرنس

نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار نے ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے نہ تو کوئی اشتعال انگیز قدم اٹھایا ہے اور نہ ہی کشیدگی کو بڑھانے کی کوئی کوشش کی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت امن و استحکام کے اصولوں کا حامی ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ غزہ اور کشمیر میں واضح مماثلت ہے، دونوں خطوں پر غیرقانونی قبضہ جاری ہے اور دونوں جگہوں کی عوام دباؤ، جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان مسائل کا پرامن حل ناگزیر ہے۔

سفیر عاصم افتخار نے زور دیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ایک جیسے اصولوں کے تحت تمام متنازعہ خطوں سے غیرقانونی قبضے کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ عاصم افتخار نے حال ہی میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں جنوبی ایشیا کی تازہ ترین صورتحال، خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، اور بھارت کی جانب سے حالیہ اشتعال انگیزیوں کے تناظر میں امن قائم رکھنے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ انصاف، بین الاقوامی قانون اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کریں، تاکہ غزہ اور کشمیر جیسے مسائل کا منصفانہ حل ممکن ہو سکے۔

Comments are closed.