رفح میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں درجنوں ہلاکتیں

رفح میں ایک اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں مبینہ شہری ہلاکتوں کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ رفح میں خونریز حملے کے بارے میں حقائق جاننے کی خاطر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

غزہ میں حماس کے حکام نے بتایا کہ اسرائیل کی طرف سے حماس کے جنگجوؤں کے ایک مبینہ کمپاؤنڈ پر حملے کے نتیجے میں رفح کے نزدیک واقع ایک مہاجر کیمپ میں کم از کم 45 فلسطینی مارے گئے ہیں۔

اس حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد ڈھائی سو بنتی ہے۔

حماس کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی اتوار کی شام کی گئی۔ اس حملے کی خبر کے بعد فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں اس حملے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

صدر ماکروں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں رفح میں متعدد بے گھر افراد مارے گئے ہیں۔ انہوں نے ایسی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔

تاہم رفح پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں مبینہ شہری ہلاکتوں پر اطالوی وزیر اعظم نے بھی تنقید کی ہے۔

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ ساتھ متعدد عرب ممالک نے رفح میں اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے بھی اس اسرائیلی کارروائی پر شدید تنقید کی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں اپنی کارروائیاں روک دے۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ رفح میں خونریز حملے کے بارے میں حقائق جاننے کی خاطر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.