وزیراعظم سے ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین سلطان احمد بن سلیم کی ملاقات

دبئی سید رضا عابدی سے: وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم کی ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر دبئی میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع، اور لاجسٹک انفراسٹرکچر کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے ڈی پی ورلڈ کے وفد کے حالیہ کامیاب دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور ڈی پی ورلڈ کے درمیان بامعنی سرمایہ کاری کے اشتراک کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس قسم کی شراکت داری سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

وزیراعظم نے پاکستان میں ڈی پی ورلڈ کی سرمایہ کاری اور اس کے ذریعے لاجسٹک سیکٹر میں بہتری کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے بین الحکومتی معاہدوں (IGAs) کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور بتایا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے ذریعے سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنایا جا رہا ہے، جس سے پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام بن چکا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا اسٹریٹجک محل وقوع ڈی پی ورلڈ کے لیے اپنے آپریشنز کو وسعت دینے اور پاکستان میں جبل علی بندرگاہ جیسے کامیاب منصوبے متعارف کرانے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔

ڈی پی ورلڈ گروپ کے چیئرمین سلطان احمد بن سلیم نے حکومتِ پاکستان کی مسلسل حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈی پی ورلڈ کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا اور باہمی تعاون کی مزید راہیں تلاش کی جائیں گی۔

اس موقع پر چیئرمین ڈی پی ورلڈ نے وزیرِاعظم کو آگاہ کیا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ڈی پی ورلڈ نے ایک خصوصی نمائشی ہال مختص کیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کو اماراتی مارکیٹ تک آسان رسائی اور تشہیر کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔ وزیراعظم نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کی برآمدات کے فروغ کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

Comments are closed.