سچ کو دبانے،پراپیگنڈہ کیلئےجھوٹی خبریں تیزی سےپھیلائی جارہی ہیں، ڈاکٹر مریم شیخ

اقوام متحدہ پاکستان مشن کی پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ نے کہا ہے کہ جھوٹی خبریں سچ سے زیادہ تیزی کے ساتھ پھیلتی ہیں اور انہیں سچ کو دبانے اور پراپیگنڈہ کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

اقوام متحدہ کی چوالیسویں انفارمیشن کانفرنس کا انعقاد نیویارک ہیڈ کوارٹرز میں ہوا، پاکستان مستقل مشن کی پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے جھوٹی خبر سچ  سے بھی زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے، سوشل میڈیا اور دوسرے آن لائن پلیٹ فارمز کے استعمال سے غلط معلومات اور جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور ان کے اداروں کے خلاف عالمی سطح پر نہ صرف جھوٹی خبریں استعمال ہو رہی ہیں بلکہ انہیں سچ کو دبانے اور پراپیگنڈہ کیلئے بھی استعمال کیا جا رہا ہے،پاکستان گروپ 77 کے صدر کی حیثیت سے دنیا میں تیزی سے بڑھتی ہوئی ڈس انفارمیشن کے رجحان کی مذمت کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد نمبر 76، 226 پر عملدرآمد ہو جو کہ سوشل میڈیا اور آن لائن ڈس انفارمیشن روکنے پر زور دیتی ہے۔

ڈاکٹر مریم شیخ کا کہنا تھا کہ ماضی قریب میں ای یو ڈس انفولیب نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور اداروں کے خلاف جعلی پراپیگنڈے کو بے نقاب کیا، بھارت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ملک نے اپنے سیاسی اور تجارتی مفادات کے حصول کیلئے جھوٹی خبریں، جعلی معلومات پھیلائیں لیکن عالمی سطح پر بے نقاب ہونے کے باموجود اس کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور اہم اداروں کو بھی نشانہ بنایا، یہ سلسلہ ابھی رکا نہیں اور اس کے زریعے انسانی حقوق، انسانیت کے خلاف مذموم کاروائیاں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے عالمی مواصلاتی ادارے کی کوششوں کو سراہتا ہے جو جعلی خبروں اور غلط معلومات کی روک تھام کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے، ڈاکٹر مریم شیخ نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس معاملے پر ضروری کارروائی میں دیر نہیں کی جائے گی۔

Comments are closed.