گجرات میں نکاسی آب جاری، جناح چوک اور کچہری روڈ اگلے 22 گھنٹوں میں کلیئر ہوں گے:ڈی جی پی ڈی ایم اے

پنجاب میں حالیہ بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں سے گجرات میں ناگہانی صورتحال کا سامنا ہے، جہاں تمام اداروں کی مشینری پانی کی نکاسی میں مصروف ہے۔

گجرات میں صورتحال اور نکاسی آب
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ گجرات میں ریلوے روڈ، شاہ جہانگیر اور دیگر اہم سڑکوں کو کلیئر کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ تاہم جناح چوک اور کچہری روڈ پر پانی اب بھی موجود ہے جسے آئندہ 22 گھنٹوں میں صاف کر دیا جائے گا۔

دریاؤں میں پانی کی سطح اور سیلابی ریلا
عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ دریائے راوی، ستلج اور چناب میں مجموعی طور پر صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا کوئی رجحان نہیں جبکہ گنڈا سنگھ پر صورتحال قابو میں ہے۔ البتہ دوسرا بڑا سیلابی ریلا ہیڈ مرالہ سے نکل کر اس وقت تریموں کے مقام پر اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے، جہاں 5 لاکھ 83 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ 12 سے 18 گھنٹوں میں یہ ریلا 6 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر سکتا ہے۔ ملتان میں کم از کم اگلے 72 گھنٹوں تک یہی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے جبکہ ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے جو 6 لاکھ کیوسک کو کراس کر جائے گی۔

انسانی جانوں اور نقصانات کا تخمینہ
پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں اب تک 41 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد براہِ راست متاثر ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 20 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
اب تک صوبے بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث 56 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ مزید علاقوں میں پانی کے داخل ہونے سے مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا عزم
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام ادارے دن رات متاثرہ افراد کی بحالی اور نکاسی آب کے لیے سرگرم ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

Comments are closed.