عمران خان کے دور میں پاکستان کی تاریخ کا بلند ترین بجٹ خسارہ ہوا، مفتاح اسماعیل
توشہ خانہ کی گھڑیوں سے لے کر فارن فنڈنگ کیس ، 190 ملین پاﺅنڈ چہیتوں کو دینے والے کو قوم پہچانتی ہے۔ فرح خان کے جواہرات کے قصوں نے بتادیا ہے کہ چور، کرپٹ ، جھوٹا اور نااہل کون ہے,، وزیرخزانہ کا بیان
اسلام آباد : وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کہتے ہیں کہ عمران خان نے پاکستان کی تاریخ کا بلند ترین تجارتی خسارہ چھوڑا ہے۔ ان کے چار سال کی حکومت میں ہر سال پاکستان نے بلند ترین خسارہ کیا۔
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ معاشی تباہی اور بربادی کا ایک ہی شخص ذمہ دار ہے جس کا نام عمران خان ہے۔ عمران خان اقتدار میں آئے تو روپیہ 122 کا تھا، اقتدار چھوڑا تو 190 روپے تک پہنچ چکا تھا۔ عمران خان اقتدار میں آئے تو پاکستان پر قرض25 ہزار ارب تھا، جب اقتدار سے گئے تو یہ قرض44 ہزار تھا۔ عمران خان کے اقتدار کے آخری برس پاکستان نے 80 ارب ڈالر کی امپورٹ کی ۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی طرح توانائی کے شعبے کی بھی اینٹ سے اینٹ بجا کر گئے ہیں ۔ گیس اور ایندھن کی فراہمی کے معاہدے تک کرنے عمران خان اور ان کے وزراءکو یاد نہ رہے۔ آج باتیں کرنے والے چار سال میں بجلی کے شعبے میں 2500 اور گیس کے شعبے میں 1500 ارب کا گردشی قرض چھوڑ کر گئے ہیں۔ صرف گزشتہ سال میں بجلی کے گردشی قرض میں 850 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اپنے دوستوں اور اے ٹی ایمز کو مالی فائدہ پہنچانے کے لئے ٹیکس ایمنسٹی سکیم دے کر عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی ۔ فیول سبسڈی دے کر عمران خان نے آئی ایم ایف سے کئے ہوئے اپنے ہی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم نے سیاست کو پاکستان کے مفاد پر قربان کردیا ، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچالیا ، جس پر ہمیں فخر ہے۔ توشہ خانہ کی گھڑیوں سے لے کر فارن فنڈنگ کیس ، 190 ملین پاﺅنڈ چہیتوں کو دینے والے کو قوم پہچانتی ہے۔ فرح خان کے جواہرات کے قصوں نے بتادیا ہے کہ چور، کرپٹ ، جھوٹا اور نااہل کون ہے
Comments are closed.