پاکستان میں معاشی استحکام آ چکا، دنیا ہماری بہتری پر حیران ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام آ چکا ہے اور دنیا پاکستان کی معاشی بہتری کی رفتار پر حیران ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میکرواکنامک استحکام کی جانب گامزن ہے اور تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ آئندہ دنوں میں کم ہونے کی توقع ہے جبکہ پالیسی ریٹ میں کمی کے باعث معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں انسانی مداخلت کم کرنے سے نظام میں شفافیت بڑھے گی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پی آئی اے ری لانچ کے مرحلے میں ہے اور حکومت تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے اور ٹیکنالوجی ٹرانسفارمیشن کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے دفاعی بجٹ سے متعلق کہا کہ افواج پاکستان کی ہر ممکن مدد کریں گے، کیونکہ یہ صرف افواج کا نہیں بلکہ پوری قوم کا تقاضا ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ کچھ قوتوں نے آئی ایم ایف بورڈ اجلاس رکوانے کی کوشش کی تاکہ پاکستان کا ایجنڈا زیر بحث نہ آئے، لیکن پاکستان کا کیس میرٹ پر سنا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے تمام اہداف مکمل کر لیے ہیں، اگر اہداف مکمل نہ ہوتے تو مشکل پیش آ سکتی تھی۔ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ جاری پروگرام پر پوری طرح عملدرآمد کر رہی ہے اور مشن کی واپسی کے بعد ورچوئل مذاکرات جاری ہیں۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ابھی سول اور ملٹری تنخواہوں سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا، تاہم حکومت طویل المدتی اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کاروں نے واشنگٹن اور لندن میں پاکستانی معیشت پر مثبت ردعمل دیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا پاکستان کی معاشی اصلاحات اور کارکردگی کو تسلیم کر رہی ہے۔

Comments are closed.