عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال ناقابل عمل ہے ،الیکشن کمیشن کا خط

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کا مجوزہ انتخابی ترامیم پر شدیدتحفظات کا اظہار،الیکشن کمیشن نے چئیرمین سینیٹ اور قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہاگیاہے کہ آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال نا قابل عمل تجویز ہے ۔ ای وی ایم پرووٹنگ ملک کے لیے تباہ کن ہو گی۔دنیا کی بہترین جمہوریتیں بھی انتخابات کے لیے ا لیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال نہیں کرتیں۔ سافٹ وئیر اور ہارڈ وئیر میں مختلف انداز کی ہیراپھیری سے بھی فراڈ کا خدشہ ہے۔

چونتیس نکات پر مشتمل خط میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ای وی ایم منصوبے پر عملدرآمد انتہائی پیچیدہ ہے،جلد بازی کے کسی بھی فیصلے سے عوام کا انتخابی عمل سے اعتماد اٹھ جائےگا،ای وی ایم پرووٹنگ ملک کے لیے تباہ کن ہو گی۔دنیا کی بہترین جمہوریتیں بھی انتخابات کے لیے ا لیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال نہیں کرتیں۔جرمنی، فرانس، ہالینڈ، آئر لینڈ، اٹلی اور فن لینڈ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ترک کر چکے ہیں جبکہ بھارت نے ان مشینوں کے محدود استعمال میں بھی سالوں لگائے۔

  خط میں کہا گیاہے کہ الیکشن میں ایک لاکھ پولنگ اسٹیشنز اور چار لاکھ پولنگ بوتھ ہوں گے جن کے لیے نو لاکھ الیکٹرونک ووٹنگ مشینز کی ضرورت ہو گی جبکہ 150 ارب روپے اخراجات آئیں گے۔ای وی ایم مشینوں پر ایک ہی دن میں پولنگ کرانا بھی نا ممکن ہے۔ای وی ایم کو پہلے مقامی حکومتوں کے انتخابات میں ، پھر ضمنی الیکشن اور اس کے بعد عام انتخابات میں چند حلقوں میں استعمال کیا جائے۔

 خط میں کہا  گیاہے کہ ای وی ایم سے ووٹ کی راز داری پامال ہو سکتی ہے اور جبرا ًووٹ کے اندار ج ،خریداری کا بھی امکان ہے ، سافٹ وئیر اور ہارڈ وئیر میں مختلف انداز کی ہیراپھیری سے فراڈ کا بھی خدشہ ہے ۔ ای وی ایم کی لئے خصوصی اسٹاف اورٹیکنیشنز ملک بھر میں تعینات کرناہوں گے تاکہ کوئی بھی مسئلہ فوری حل کیا جائے۔اگر مشین کوبائیو میٹرک تصدیق کے لیے انٹرنیٹ سے منسلک کیا جاتا ہے تو ہیکنگ کا خدشہ ہو گا۔ای وی ایم کے ذریعے جلد الیکشن نتائج کا کوئی امکان نہیں۔مشین تیار کرتے وقت اس میں چپ لگائی جا سکتی ہے جو اسے کمزور بنا دے۔الیکشن کمیشن اس منصوبے کو ہر سطح پر دو سال میں مکمل کرنے کی اہلیت نہیں رکھتا۔

  دوسری جانب اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کمیٹی میں پیش آنے والے واقعے سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کردیا ہے ،چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن پرانتخابات بیچنے کے الزام پر شدید اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے پر پیر کو اہم اجلاس طلب کر لیا۔

Comments are closed.