عام انتخابات 2023ء میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کے حکومتی منصوبے کو بڑا دھچکا پہنچا ہے، وزارت سائنس ٹیکنالوجی کی جانب سے تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن نے عدم اطمینان کا اظہار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی تیار کردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) الیکشن کمیشن کے معیار پر پورا نہیں اترسکی، کمیشن نے ای وی ایم ٹیکنالوجی کے سافٹ وئیر، کوالٹی، سیکیورٹی اور مینیو فیکچرنگ پر سوالات اٹھائے اور ٹیسٹنگ،ڈیزائن اور فنگشنز کی تفصیلات مانگ لیں۔
الیکشن کمیشن کو خدشہ ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی موجودہ صورت میں ووٹ کی رازداری برقرار نہیں رہے گی۔ وزارت کے حکام نے بتایاکہ مشین پر بیک وقت صرف بیس امیدواروں میں سے ایک کو ٹک کرنے کا آپشن دستیاب ہوگا،بیس سے زیادہ امیدواروں کی صورت میں نئی ووٹنگ مشین لگانا ہوگی۔
قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں کےلئے الگ الگ ووٹنگ مشین درکار ہوگی۔ذرائع کے مطابق وزارت سائنس ٹیکنالوجی غلطیاں دور کرکے دوبارہ الیکشن کمیشن کو مشین کے استعمال کاعملی مظاہرہ کرکے دکھائے گی ۔
Comments are closed.