تعلیم کا شعبہ پاکستانی اور امریکی نوجوانوں کو جوڑ رہا ہے، سردار مسعود خان

 امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون پاک امریکہ تعلقات کا ایک اہم جز ہے۔ انہوں نے کہا تعلیم دونوں ممالک کے نوجوانوں کو جوڑ رہی ہے۔

گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام پر امریکہ آئے 54 پاکستانی طلباء کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاک یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کی تعداد 39ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ یہ ایک بہت بڑا نیٹ ورک ہے۔ ہر سال تقریباٍ 1000 طلباء، پیشہ ور افراد، ماہرین تعلیم، اعلیٰ تعلیم کے منتظمین، صحافی اور کاروباری افراد امریکہ آتے ہیں۔ تعلیمی سال 2021-22 کے دوران تقریباً 8 ہزار پاکستانی طلبا کا امریکہ میں داخلہ ہوا، یہ پچھلے سال کے مقابلے میں 17 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام پاکستان کے انڈرگریجویٹ طلباء کو کمیونٹی سروس، پیشہ ورانہ ترقی اور ثقافتی افزودگی کے ساتھ نان ڈگری فل ٹائم مطالعہ کے لیے ایک سمسٹر اسکالرشپ فراہم کرتا ہے، ان 54 پاکستانی طلباء میں سے 38 لڑکیاں ہیں جن کا تعلق پاکستان کےمختلف حصوں سے ہے اور وہ کمپیوٹر سائنس، بائیولوجی، بائیو ٹیکنالوجی، پبلک ہیلتھ، بزنس ایڈمنسٹریشن، پولیٹیکل سائنس، معاشیات اور ادب میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنوبی اور وسطی ایشیا فلبرائٹ پروگرامز کی برانچ چیف جولیا فائنڈلے نے پاکستانی طلباء کا امریکہ میں خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے عوامی سطح پر ایکسچینجز اور تعلیم کے شعبے میں تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے۔ گذشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے منعقد کی گئی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے فائنڈلے نے کہا کہ 2022 میں دونوں ممالک نے پاکستان کی 75 ویں سالگرہ اور پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع کو اہم سنگ میل کے طور پر منایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تعلقات کی گہرائی اور وسعت کو اجاگر کرنے کے لیے گذشتہ سال متعدد پروگرام منعقد کیے گئے ۔ ہم 2023 میں بھی ہم اس تعلق کو فروغ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے ایکسچینج پروگراموں کے لیے فنڈ فراہم کرنے پر امریکی کانگریس کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ گلوبل یوگراڈ پاکستان پروگرام اعلیٰ تعلیمی شعبے میں ہمارے  تعاون کا ایک اہم جزو ہے۔ جولیا فائنڈلے نے بتایا کہ پاکستانی طلباء امریکہ کی 33 مختلف ریاستوں کے 48 مختلف کالجوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔ انہوں نے طلباء کو پروگرام کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پروگرام ان کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ان کے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ نیٹ ورک استوار کرنے میں بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

قبل ازیں جنوبی اور وسطی ایشیا کے پریس اینڈ پبلک ڈپلومیسی آفس کی ڈپٹی ڈائریکٹر این شیشادری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور طلباء کے تبادلے کے پروگراموں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پاکستان کے ساتھ تعلیمی تبادلے کے پروگراموں کے حوالے سے مضبوط عزم اور ان کے بہترین نفاذ پر امریکی حکومت، محکمہ خارجہ اور انٹرنیشنل ریسرچ اینڈ ایکسچینج بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفیر مسعود خان نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نوجوانوں کو باہم جوڑ رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں قوم کے مستقبل کے معماروں کے درمیان  مضبوط نیٹ ورکس استوار ہو رہے ہیں۔

پاک امریکہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے سفیرپاکستان نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات اہم ہیں۔ گذشتہ سال ہم نے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کی ہے۔ ان میں موسمیاتی تبدیلی، توانائی، زراعت، تجارت، سرمایہ کاری، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، علاقائی سلامتی اور استحکام شامل تھے۔ کئی دہائیوں پر محیط تعلیمی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون 1950 کی دہائی سے شروع ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا بنیادی اصول ہے کہ ہم تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیں گے۔

یوگراڈ گروپ میں پاکستان کے تمام صوبوں کے تنوع اور نمائندگی کا ذکر کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا،آپ ملک کے سفیر ہیں۔ امریکہ میں قیام کے دوران آپ محض ایک شخص کی نمائندگی نہیں بلکہ آپ اپنے ملک اور قوم کی نمائندگی کر رہے ہوں گے۔ آپ کے میزبان آپ کےعدسے سے پاکستان کو دیکھ رہے ہوں گے۔

طلباء کو اپنے ملک اور اس کی اقدار کو اعتماد، فخر اور ایمانداری کے ساتھ پیش کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان نے مختلف چیلنجوں اور پیچیدہ حالات کے باوجود جمہوریت کو پروان چڑھانے، قانون کی حکمرانی کے قیام اور آئین پرستی کو فروغ دینے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ہم پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور اسی لیے آپ یہاں ہیں۔ آپ تبدیلی کے ایجنٹ ہیں ۔

مسعود خان نے طالب علموں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ امریکی معاشرے اور امریکی زندگی کے مختلف پہلوؤں کا گہری نظر سے مشاہدہ کریں اور ان خصائل کے بارے میں جانیں جنہوں نے ملک کو دنیا کی ایک سرکردہ قوم بنا دیا ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ یہاں رہ کر سپر پاور بننے کا راز جانیں۔ اس بیج کو پاکستان میں بوئیں۔اس راز کو جاننے کے لئے  یونیورسٹیاں بہترین مقامات  ہیں۔

Comments are closed.