پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی غیر موجودگی میں عید کی خوشیاں ادھوری محسوس ہوتی ہیں۔ قوم کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مسلسل تیسری عید ہے جو عمران خان جیل میں گزار رہے ہیں، اور دعا ہے کہ آئندہ عید وہ آزادی کے ساتھ منائیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خوشی کے ان لمحات میں پی ٹی آئی کے اسیر کارکنوں اور قائدین کی قربانیوں کو یاد رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر عمران خان کی رہائی اور قانون کی حکمرانی کے لیے تحریک شروع کی جائے گی۔
پارٹی کے اندرونی اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی میں کوئی تقسیم نہیں، صرف اختلافِ رائے جمہوری عمل کا حصہ ہے۔ انہوں نے علی امین گنڈا پور پر عمران خان کے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف تمام پروپیگنڈا بے بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید کی خوشیوں کے ساتھ ہمیں اہلِ غزہ اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے اور عالمی برادری کو ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔
Comments are closed.