عیدالفطر کے موقع پرکورونا پھیلاؤ روکنے کیلئے خصوصی گائیڈ لائنز جاری

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے عیدالفطر کیلئے گائیڈ لائنز کی منظوری دے دی، نماز عید کھلے مقامات پر ادا کرنے، ماسک لازمی پہننے کے ساتھ ساتھ ہاتھ ملانے، گلے ملنے اور ہجوم بنانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا خصوصی اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ این سی او سی نے ملک میں کورونا کی تیسری لہر میں حفاظتی اقدامات، لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

این سی او سی کے اجلاس عیدالفطر کے حوالے سے مرتب کی گئی خصوصی گائیڈلائن کی منظوری دی گئی۔ جن میں کہا گیا ہے کہ عید کی نماز انسداد کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کھلی جگہوں پر پڑھائی جائے، نماز عید کا خطبہ محدود رکھا جائے، نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ اور ماسک لازمی پہنا جائے،اگر مسجد کے اندر نماز پڑھانا ضروری ہو تو دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھی جائیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق مسجد یا کسی بھی کھلی جگہ پر رش کم کرنے کے لیے نماز دو سے تین بار پڑھائی جائے، بیمار، بزرگ اور 15 سال سے کم عمر بچے نماز میں آنے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے، مساجد اور عید گاہوں میں داخلے کے لیے متعدد راستے رکھے جائیں،مساجد کے داخلی راستوں پر ہینڈ سینیٹائزر رکھے جائیں نماز پڑھنے والے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں،وضو گھر سے کرکے آئیں۔

Comments are closed.