اسلام آباد: ملک بھر میں آج جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم مذہبی عقیدت و نہایت احترام سے منایا جا رہا ہے۔
آقائے دو جہاں نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت پر صبح كا آغاز بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم میں درود و سلام کے ہدیئے اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا، جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جبکہ پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارلحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جن میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے لازوال محبت کا اظہار کیا جائے گا، عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اپنے انداز میں والہانہ محبت کا اظہار کریں گے جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں سے جید علمائے کرام بھی خطاب کریںگے جن میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم بیان کی جائے گی۔
پورے ملک میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے گھروں، بازاروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں، رنگ برنگ جھنڈیوں سے خوبصورتی کے ساتھ سجا رکھا ہے، گلیاں بازار، مارکیٹیں خوبصورت نظارہ پیش کر رہی ہیں، مختلف شہروں میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے خوبصورت ماڈل بھی سڑکوں پر رکھے گئے ہیں جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
جشن عید میلاالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں پورے ملک میں سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت جلوسوں کی مرکزی گزرگاہیں اوراس سے ملحقہ سرکیں ٹریفک کیلئےمکمل طور پر بند کی جائیں گے جب کہ جلوس میں شامل ہونے والوں کو جامع تلاشی کے بعد جانے کی اجازت دی جائے گی۔
Comments are closed.