الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل کے آخری ہفتے میں کرانے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن تمام صوبوں میں لوکل گورنمنٹ یا تو انتخابات کرواچکا ہے ، قوانین میں تبدیلی اور دیگر تاخیری حربوں کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ

اسلام آباد : پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل دوہزار تئیس کے آخری ہفتہ میں منعقد کرائے جائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن تمام صوبوں میں لوکل گورنمنٹ یا تو انتخابات کرواچکا ہے ، قوانین میں تبدیلی اور دیگر تاخیری حربوں کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے شرکت کی۔اجلاس کو  سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ میں بتایا کہ  پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی معیاد یکم جنوری 2022 کو ختم ہوچکی ہے۔ الیکشن کمیشن کو  بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے دو دفعہ حلقہ بندیوں کا کام کرنا پڑا  ہے اور دو دفعہ بلدیاتی قوانین کو تبدیل کیا گیا ہے۔بریفنگ میں کہا گیا کہ اب صوبائی حکومت نے “پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ” 16 نومبر 2022 کو نوٹیفائی کیا ہے۔  الیکشن کمیشن تیسری دفعہ حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کرنے جارہا ہے۔حکومت پنجاب آئین ، قانون اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بروقت الیکشن کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کی پابند ہے۔بریفنگ میں کہا گیا کہ  پنجاب حکومت فوری طورپر لوکل گورنمنٹ کنڈکٹ آف الیکشن رولز وحلقہ بندی رولز ودیگر نقشہ جات و ڈیٹا الیکشن کمیشن کو مہیا کرے۔چیف سکرٹری پنجاب نے کہا کہ ڈرافٹ رولز الیکشن کمیشن کے فیڈبیک کے مطابق کابینہ کی آئندہ میٹنگ میں رکھے جائیں گے۔  رولز کی منظوری کے بعد اِن کی کاپیاں الیکشن کمیشن کو مہیا کی جائیں گی۔

Comments are closed.