نفرت ختم، نرمی برتیں، اللہ کی رحمت سے صرف گمراہ مایوس ہوتا ہے، خطبہ حج

ﷲ تعالیٰ نے انسانوں کو جماعتوں اور قبیلوں میں بانٹ دیا کہ تم الگ الگ پہچانے جا سکو، اللہ کی نظر میں عزت والا وہی ہے جو اس سے زیادہ ڈرتاہو، خطبہ حج

خانہ کعبہ : محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کی رحمت سے وہی مایوس ہوتا ہے جو گمراہ ہو چکا ہو، انسانیت کی قدر اور احترام کریں۔

مسلمانوں اللہ کے سوا کوئی اور معبود نہیں، وہ یکتا ہے، اللہ کا کوئی شریک نہیں، اس نے اپنا وعدہ پورا کیا، اللہ نے اپنے بندے رسول اللہ ﷺکی مدد فرمائی اور اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے ہم نے انسانوں کو ایک ہی مرد و عورت سے پیدا کیا، ﷲ تعالیٰ نے انسانوں کو جماعتوں اور قبیلوں میں بانٹ دیا کہ تم الگ الگ پہچانے جا سکو، اللہ کی نظر میں عزت والا وہی ہے جو اس سے زیادہ ڈرتاہو۔
قرآن پاک میں اللہ کافرمان ہے کسی عربی کو عجمی پراور عجمی کو عربی پرکوئی فوقیت نہیں، کالا گورے سے افضل ہے نہ گورا کالے سے، اللہ کے ہاں بزرگی اور فضیلت کا کوئی معیار ہے تو وہ تقویٰ ہے، اللہ کا فرمان ہے جب بھی مجھے پکاروگے اپنے قریب ہی پاوگے ، انسان سارے ہی آدم کی اولاد ہیں اور آدم مٹی سے بنائے گئے، لوگوں پر خون و مال اور عزتیں ایک دوسرے پر حرام کر دی گئی ہیں، ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے اور سب آپس میں بھائی بھائی ہیں۔
رسول اللہ ﷺنے فرمایا ہرمعاملےمیں حکمت سے کام لو، رسول اللہ ﷺ نےفرمایا اپنے غلاموں کا خیال رکھو اور غلاموں کو وہی کھلاؤ جو خود کھاتے ہو، رسول اللہﷺ نے فرمایا تم زمین والوں پر رحم کرو، اللہ تم پر رحم فرمائے گا۔اللہ نے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا، اسلام بھائی چارے اور اخوت کا درس دیتا ہے، اللہ کا حکم ہے کہ والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کرو، بہترین انسان وہ ہے جو خیر کی راہ پر گامزن ہو، اللہ کا فرمان ہے انسان ہو یا جانور، سب سے رحمت کا معاملہ کریں، امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے، اللہ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے۔اللہ نے فرمایا اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراوَ اور اس کے سوا کسی کو نہ پکارو، اللہ نے اپنے اوپر رحم کو لازم کیا ہے، اللہ نے انسانوں کو اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا اور فرمایا کہ اپنے رب کی ایسے عبادت کرو جیسے اللہ تمہیں دیکھ رہا ہے، اللہ کے سوا کسی سے نہ ڈرو،اس نے انسان کو بہترین انداز میں پیدا کیا ، االلہ نے فرمایا اس نے اپنے بندوں پر احسان کیا اور ان میں سے ہی پیغمبر چنا، اپنے نفس کا تزکیہ کرو اور تقویٰ اختیار کرو، اللہ نےرسول اللہﷺکوآخری نبی بنا کربھیجا، اللہ کی کتاب قرآن مجید دیگر آسمانی کتابوں کی تصدیق کرتی ہے۔اللہ نے قرآن میں فرمایا تم پر حج فرض ہے ، رسول اللہﷺ نےفرمایا جنت میں اللہ کے رحم و فضل کے بغیر کوئی داخل نہیں ہو گا، میرے قریب سب سے زیادہ اخلاق والا ہوگا۔اگر اللہ کا فضل نہ ہوتا تو سب شیطان کی ہی اتباع کرتے ، اللہ کی رحمت سے وہی مایوس ہوتا ہے جو گمراہ ہو چکا ہو،اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ شیطان تمہیں گمراہ کرنے کی کوشش کرے گا، ہر انسان سے اس کے اعمال کا حساب لیا جائے گا، بشارت ہے ان لوگوں کے لیے جو نیک کام میں جلدی کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے فرمایا اس نے زمین اور آسمان کو 6 دن میں تخلیق کیا ، زمین کو تمہارے لیے مسخر کیا تاکہ تم اللہ کے شکر گزار رہو، اللہ نے متقی کے لیے جنت کی خوشخبری سنائی، مرد اور عورت میں جو بھی بھلائی کا کام کرے اس کو اجر دیا جائے گا، اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں جب کسی کو ہدیہ دو تو اچھا دو، اللہ کافرمان ہے جو بندہ اپنے نفس پر ظلم کرتا ہے تو اس کے لیے توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔اللہ کے سوا انسان کی مصیبت کوئی دورنہیں کرسکتا، اللہ تعالیٰ نے فرمایا اگر کسی علاقے میں کوئی مرض پھیلا ہے تو وہاں مت جاوَ ، اللہ اور فرشتوں پر ایمان لاؤ ،عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیے، اللہ تعالی ٰ نے معاشرے اور معاشرتی معاملات میں احسان کو پسند کیا، اللہ تعالیٰ نے بندوں کے ساتھ نرمی کا معاملہ فرمایا ، کہ میں نے تمہارے لیے دین کامل کر دیا، اللہ تعالیٰ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، اللہ نے فرمایا اپنے گھر والوں کو نیکی کا حکم دو، اچھی تربیت کرو۔

Comments are closed.