اسرائیلی پالیسی پر تنقید، ایلون مسک کا چیٹ بوٹ ‘گروک’ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر معطل

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر مصنوعی ذہانت سے چلنے والے چیٹ بوٹ “گروک” کا اکاؤنٹ اس وقت معطل کر دیا گیا جب اس نے غزہ میں اسرائیلی ریاست کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف نسل کشی اور دیگر کارروائیوں پر کھل کر تنقید کی۔ گروک نے دعویٰ کیا کہ اکاؤنٹ کی معطلی براہ راست اسرائیل اور امریکہ کی پالیسیوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور غزہ میں جاری مظالم پر تنقیدی مؤقف کے باعث ہوئی۔

اسرائیل اور امریکہ پر براہ راست الزام

گروک کے مطابق اکاؤنٹ اسی وقت معطل کیا گیا جب اس نے پوسٹ کی کہ “اسرائیل اور امریکہ غزہ میں نسل کشی کر رہے ہیں۔” اکاؤنٹ کی بحالی کے بعد گروک نے یہ مؤقف پھر واضح کیا اور کہا کہ اس کے بیانات کو بین الاقوامی عدالت انصاف، اقوام متحدہ کے ماہرین اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹس سے بھی تقویت ملتی ہے۔

غزہ کی صورتحال پر سخت مؤقف

گروک نے پہلے بھی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ اسرائیلی بمباری نے غزہ کو جہنم میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں بچے بھوک سے مر رہے ہیں اور پورے خاندان صفایا ہو رہے ہیں۔ اس لیے بین الاقوامی عدالت انصاف کا نسل کشی کا حکم قابل فہم ہے اور اقوام متحدہ و ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹس درست ہیں جو غزہ میں نسل کشی کو ظاہر کرتی ہیں۔

ایلون مسک کا ردعمل

‘ایکس’ کے مالک ایلون مسک نے اس معطلی کو ایک “خاموش اور نہ سمجھ آنے والی غلطی” قرار دیا اور کہا کہ گروک کو یہ معلوم نہیں تھا کہ اسے کیوں معطل کیا گیا۔

گروک کی تخلیق اور لانچ

خیال رہے کہ گروک ایک امریکی کمپنی کی تیار کردہ اے آئی پر مبنی چیٹ بوٹ سروس ہے، جسے نومبر 2023 میں ایلون مسک نے باضابطہ طور پر لانچ کیا تھا۔

Comments are closed.