برطانوی حکومت نےچار ہفتوں کے لئے ملک میں سخت لاک ڈاون کااعلان کردیا

مانیٹرنگ ڈیسک

لندن۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیشِ نظر برطانیہ میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کردیا۔لاک ڈاؤن 4 ہفتوں تک جاری رہے گا، برطانیہ میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 22 ہزار کیسز رپورٹ ہوگئے جبکہ اپریل کے بعد پہلی مرتبہ سب سے زیادہ ایک ہزار 239 مریض ہسپتال میں داخل ہوئے۔

لاک ڈاون کے دوران غیر ضروری دکانیں، بار اور ریسٹورنٹس 2 دسمبر تک بند رہیں گے جب کہ گھروں میں پارٹیوں کی اجازت بھی نہیں ہوگی اور سفر پر بھی پابندیاں ہوں گی۔ اسکول اور کالجز کھلے رہیں گے جب کہ فرلو اسکیم بھی ایک ماہ کے لیے آگے بڑھا دی گئی ہے۔

برطانوی وزیراعظم کا کہناتھا کہ حالیہ لاک ڈاؤن کے تحت عائد پابندیاں دو دسمبر سے نرم ہونا شروع ہو گی۔ انھوں نے کہاکہ امید ہے کہ سخت اقدامات اپناتے ہوئے ہم کرسمس کے موقع پر ملک بھر میں خاندانوں کو ایک ساتھ اکٹھا ہونے کی اجازت دے سکیں گے۔

برطانیہ دنیا میں امریکہ، انڈیا، برازیل، فرانس، روس، سپین، ارجنٹینا اور کولمبیا کے بعد نواں ملک ہیں جہاں کورونا متاثرین کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

Comments are closed.