برطانیہ نے کوروناکی صورتحال میں بہتری پر سماجی اجتماعات، نائٹ کلب، ریسٹورنٹس اور فیس ماسک سمیت دیگر پابندیاں ہٹانے کا اعلان کر دیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا گیا کہ برطانیہ کو لاک ڈاؤن سے نکالنے کا یہ صحیح وقت ہے،اگر ہم اب بھی یہ نا کر سکے تو ہم اپنے آپ سے پوچھ رہے ہوں گے کہ کیا ہم کبھی اس سے باہر آ سکیں گے؟
پابندیوں کے خاتمے کے اعلان کے بعد اب سماجی اجتماعات، تقریبات کی اجازت ہوگی بلکہ اس میں شرکت کے لئے مخصوص تعداد کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، نائٹ کلبز، ریسٹورنٹس، پبز میں ٹیبل سروس لازمی نہیں رہی، عوامی مقامات پر فیس ماسک پہننے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے تاہم بعض مخصوص مقامات پر چہرہ ڈھانپنے کی اپیل کی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق کورونا پابندیاں ختم ہونے کے اعلان کے بعد منچلوں کی بڑی تعداد مانچسٹر سٹی سینٹر پہنچ گئی، نائٹ کلبس اور ریسٹورنٹس کے باہر بھی نوجوانوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منچلوں کی جانب سے بھنگڑے ڈالے گئے اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔برطانوی وزارت صحت کے مطابق بعض مقامات پر فیس ماسک کی پابندی کرنا ہو گی تاہم قانون کے مطابق یہ لازمی نہیں ہے۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم، وزیر صحت اور چانسلر آئسولیشن میں ہیں جو اس بات کا اشارہ ہے کہ کیسز بڑھ رہے ہیں۔کچھ سائنسدانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ برطانیہ میں کورونا کیسز جو ابھی روزانہ 50 ہزار تک ہیں، آگے جا کر 2 لاکھ روزانہ تک پہنچ جائیں گے۔
Comments are closed.