امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ان کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف کی ملاقات “بہت اچھی، نتیجہ خیز اور تعمیری” رہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر جاری ایک بیان میں کہا کہ “میں نے کل رات پڑھا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے میرے معزز سفیر اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف کا نو گھنٹے سے زیادہ انتظار کیا، جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں تھا”۔
ٹرمپ نے کہا کہ “دوسری ملاقاتیں روسی نمائندوں کے ساتھ ہوئیں جو بہت نتیجہ خیز ثابت ہوئیں”۔ ان کا کہنا تھا کہ “چیزیں تیزی سے اور مؤثر طریقے سے آگے بڑھ رہی ہیں، اور تمام اشارے مثبت ہیں”۔
کریملن کی تصدیق: جنگ بندی سے متعلق پیغام کی ترسیل
دوسری جانب کریملن نے تصدیق کی ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکی ایلچی اسٹیو وٹ کوف کے ذریعے صدر ٹرمپ کو یوکرین جنگ بندی کے بارے میں واشنگٹن کی تجویز سے متعلق ایک تحریری پیغام پہنچایا ہے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بتایا کہ جیسے ہی اسٹیو وٹ کوف صدر ٹرمپ تک مکمل معلومات پہنچائیں گے، دونوں صدور کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ طے کیا جائے گا۔
پیسکوف نے اپنی روزمرہ بریفنگ کے دوران کہا کہ “ہم یوکرین کی صورتحال پر محتاط امید رکھتے ہیں”۔
روس-امریکہ سفارتی رابطے اہم موڑ پر
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یوکرین جنگ کے باعث روس اور امریکہ کے تعلقات انتہائی تناؤ کا شکار ہیں، اور جنگ بندی سے متعلق بات چیت کو عالمی امن کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.