یورپی یونین کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا چاہیے، سپین

سپین کے وزیراعظم پیدرو سانچز نے کہا ہے کہ یورپی یونین کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا چاہیے کیونکہ اس سے فلسطین اور اسرائیل تنازع کے خاتمے اور خطے کو مستحکم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ سپین کے سرکاری ٹیلی ویژن کے ساتھ انٹرویو میں سوشلسٹ رہنما کا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم اس بحران کا سیاسی حل تلاش کریں اور میری رائے میں اس حل کے لیے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ یورپ کے مفاد میں ہے کہ وہ اس مسئلے کو اخلاقی بنیادوں پر حل کرے کیونکہ جو کچھ غزہ میں ہورہا ہے وہ ناقابل قبول ہے۔سانچز نے کہا کہ اگر یورپی یونین کے 27 ممبر ممالک کے درمیان فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا نہیں ہوتا تو اس بات کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ سپین یکطرفہ طور پر فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرے گا۔

پیدرو سانچز نے رواں مہینے جب دوسری مدت کے لیے وزارت عظمیٰ کا حلف لیا تو انہوں نے کہا تھا کہ ان کی خارجہ پالیسی کی ترجیح یورپ اور سپین میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔سپین کی پارلیمان نے 2014 میں فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے ایک قرارداد منظور کی تھی۔ تاہم بعد میں اس حوالے سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

Comments are closed.