ایسترازینیکا کورونا ویکسین محفوظ اور موثر ہے، یورپی میڈیسن ایجنسی

یورپی میڈیسن ایجنسی کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایمر کُک نے ایک آن لائن پریس کانفرنس میں ایسٹرازینیکا کمپنی کی بنائی ہوئی کووِڈ 19 ویکسین کو ’’مؤثر اور محفوظ‘‘ قرار دے دیا ہے۔پریس کانفرنس میں ایمر کُک نے یہ بھی کہا کہ ای ایم اے نے کورونا سے بچاؤ کےلیے یورپ میں استعمال کی جانے والی تمام ویکسینز کی افادیت اور ضمنی اثرات پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے اور اس ضمن میں سائنسی تحقیق مسلسل جاری ہے۔

اس حوالے سے میڈیا اور عوام کو آگاہ کیا جاتا رہے گا۔بتاتے چلیں کہ کسی بھی دوسری ویکسین کی طرح اس ویکسین کے بھی کچھ نہ کچھ ضمنی اثرات ہیں لیکن وہ نہایت معمولی نوعیت کے ہیں۔ البتہ لاکھوں کروڑوں میں سے چند افراد ایسے ضرور ہیں جن میں یہ ویکسین استعمال کرنے پر شدید نوعیت کی منفی علامات نمودار ہوتی ہیں۔تاہم آبادی کے بہت بڑے حصے کےلیے یہ ویکسین بالکل محفوظ ہے جسے وہ کسی پریشانی کے بغیر لگوایا جاسکتا ہے۔

مختلف یورپی ممالک میں ایسٹرازینیکا ویکسین لگوانے کے بعد کئی لوگوں میں خون کے لوتھڑے بننے اور پلیٹلیٹس کم ہونے جیسے شدید منفی اثرات سامنے آنے کے بعد، اب تک 18 یورپی ممالک میں اس ویکسین کا استعمال روک دیا گیا ہے جبکہ یہ تعداد بڑھتی جارہی ہے۔تاہم اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ یورپی ممالک میں مذکورہ ویکسین دو کروڑ لوگوں کو لگائی گئی تھی جن میں سے 469 افراد میں خون کے لوتھڑے بننے کی شدید شکایت رپورٹ ہوئی تھی۔اس لحاظ سے دیکھا جائے تو شدید منفی/ ضمنی اثرات کی شرح بے حد معمولی یعنی 0.002345 فیصد رہی ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر 10 لاکھ افراد کو یہ ویکسین لگائی گئی تو ان میں سے صرف 23.45 افراد میں یہ انتہائی نوعیت کے منفی اثرات سامنے آئے۔

Comments are closed.