سعودی عرب میں پاکستانیوں سے نارروا سلوک ۔۔ سفارتخانے کیخلاف انکوائری مکمل

سعودی عرب میں سابق سفیر راجہ اعجازعلی، ڈپٹی ہیڈمشن ذیشان احمد اورقونصلر اورنگزیب ذمہ دار قرار

اسلام آباد: سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے خلاف اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات پر فیکٹ فائنڈنگ کمیشن نے تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی۔

وزیراعظم کی جانب سے تشکیل دیئے گئے کمیشن نے اپنی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے سعودی عرب میں سابق سفیر راجہ اعجاز علی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن ذیشان احمد اور قونصلر اورنگزیب کے خلاف شکایات کو درست قرار دیا اور تینوں سفارتکاروں کو تارکین وطن کے ساتھ ناروا سلوک، مس کنڈکٹ اور انتظامی نااہلی کا مرتکب ٹھہرایا ہے۔

وزیراعظم کو پیش کردہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کے عملے کیخلاف بھتہ خوری کا کوئی ثبوت نہیں ملا، سفارتخانے کی جانب سے شکایات کے حل کے لیے موجود میکنزم غیر موثر ہے، سعودی عرب میں موجود مشنز میں افرادی قوت بڑھائی جائے۔

کمیشن نے کہا ہے کہ مشنز کو چاہیئے کہ پاکستانی کمیونٹی کا نجی کمپنیوں پر انحصار کم سے کم رکھیں، ون ونڈو پورٹل کے لیے شکایات کے حل کا موثر میکنزم بنایا جائے، چوبیس گھنٹے سروس والی ہیلپ لائن قائم کی جائے جب کہ وزارت خارجہ ایک ایڈیشنل سیکرٹری اوورسیز پاکستانی ڈویژن قائم کرے۔

کمیشن نے وزارت خارجہ اور وزارت سمندرپار پاکستانیز کو بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی حالت زار پر سالانہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی سفارش کی ہے اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی مشنز کے سربراہان کے مالی اختیارات بڑھانے، قانونی خدمات حاصل کرنے کے لیے بااختیار بنانے کی بھی تجویز دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی کمیشن کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد کرنے کی ہدایت کر دی۔

Comments are closed.