اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی نااہلی کے خلاف فیض آباد کے مقام پر ہونے والے احتجاج کے کیس کی سماعت ہوئی، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا اشتہاری کا اسٹیٹس بدستور برقرار رہا۔
کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت نمبر 2 کے ڈیوٹی جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔ سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما عامر کیانی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، تاہم استغاثہ کے گواہان کے بیانات ریکارڈ نہیں ہو سکے۔
عدالت نے پیش ہونے والے تمام ملزمان کی حاضری لگانے کے بعد سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔ کیس میں تاحال صرف تین استغاثہ گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا سکے ہیں، جبکہ آئندہ سماعت پر گواہان پر جرح اور دیگر گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس کیس میں پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی واثق قیوم اور دیگر افراد پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔ تمام ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے عمران خان کی نااہلی کے خلاف فیض آباد کے مقام پر احتجاج کرتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اس کیس میں بدستور اشتہاری ہیں، اور اب تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ ان سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج کیا گیا تھا۔
اس کیس کی اگلی سماعت پر عدالت کی جانب سے گواہان پر جرح اور مزید شواہد کی ریکارڈنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا، جبکہ علی امین گنڈا پور کی غیر حاضری قانونی و سیاسی حلقوں میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
Comments are closed.