آصف زرداری، نوازشریف اپنے بچوں کو بچگانہ سیاست سے روکیں، فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری، نواز شریف اپنے بچوں کو بچگانہ سیاست سے روکیں۔

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چار اپریل سے قبل ایک دوسرے کے خلاف متنازعہ بیان نہ دینے کا طے ہوا تھا، بلاول اور مریم سمیت دیگر رہنماؤں کے حالیہ بیانات پر بہت مایوسی ہوئی ہے، جو فیصلے پی ڈی ایم اجلاس میں ہوئے تھے ان پر عمل ہونا چاہیے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف اپنے بچوں کو سمجھائیں کہ وہ بچگانہ سیاست نہ کریں، استعفوں اور لانگ مارچ پر پاکستان پیپلز پارٹی نے خود وقت مانگا ہے اس لیے سب انتظار کریں۔

دریں اثناء سابق صدر آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو مشترکہ فیصلوں کا احترام کرنا چاہیئے، فیصلہ کے مطابق قائد حزب اختلاف کی نشست ن لیگ کی ہے،امید ہے پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے مشترکہ فیصلوں کا احترام کریں گی، دونوں رہنمائوں کا تمام معاملات مل جل کر حل کرنے پر اتفاق کیا۔

Comments are closed.