پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شدید بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
دریاؤں میں پانی کا بہاؤ
پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 اگست سے دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید طوفانی بارشوں کے بعد پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔
دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج سمیت ان سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
دریائے سندھ میں نچلے سے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور محکموں کو ہدایات
پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فوری الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور واسا حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں۔
لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت، محکمہ جنگلات، لائیو اسٹاک اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو اور حفاظتی اقدامات
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت تمام تر انتظامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔
حساس مقامات پر ریسکیو ٹیموں کی پیشگی تعیناتی کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہریوں کو موسلا دھار بارش اور ممکنہ سیلاب کی صورت میں پیشگی آگاہی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مساجد میں اعلانات اور مقامی سطح پر آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات فراہم کی جائیں گی۔
Comments are closed.