وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ ہیڈ کوارٹرز ایف سی بلوچستان نارتھ، شہداء کو خراج عقیدت

کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے ہیڈ کوارٹرز کا خصوصی دورہ کیا جہاں ایف سی کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عابد مظہر نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا اور افسران سے تعارف کرایا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

میجر جنرل عابد مظہر نے فورس کی پیشہ ورانہ مہارت، تربیتی نظام، اور امن قائم رکھنے میں کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے ایف سی بلوچستان نارتھ کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ:

> “فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ ایک مایہ ناز فورس ہے، جس کی امن قائم رکھنے کے لیے قربانیاں انمٹ اور ناقابلِ فراموش ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ فتنہ الہند کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے میں ایف سی کے افسران اور جوانوں نے شجاعت کی تاریخ رقم کی ہے، ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر قوم کو فخر ہے۔

محسن نقوی نے بلوچستان میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے ایف سی نارتھ کی انتھک محنت، عزم اور کردار کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ وفاقی حکومت سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

Comments are closed.