فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو آذربائیجان کا اعلیٰ عسکری اعزاز ’پیٹریاٹک وار میڈل‘ عطا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ آذربائیجان کے اعلیٰ عسکری رہنما نے دہشتگردی کے خاتمے اور عسکری میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔

پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف
کرنل جنرل کریم ولیئیف نے فیلڈ مارشل کو ’پیٹریاٹک وار میڈل برائے خدمات برائے فوجی تعاون‘ عطا کیا۔ یہ اعزاز آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کی جانب سے دیا گیا، جو پاکستان اور آذربائیجان کے مابین عسکری تعاون میں ان کی شاندار خدمات کا اعتراف ہے۔

یومِ آزادی اور معرکۂ حق میں یکجہتی کا اظہار
ملاقات میں آذربائیجان کے وفد نے پاکستان کو یومِ آزادی اور فتح کی تقریبات کے موقع پر نیک خواہشات پیش کیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکۂ حق کے دوران پاکستانی عوام کی حمایت پر آذربائیجان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی یومِ آزادی کی تقریب میں آذری دستہ بھیجنے پر بھی خصوصی طور پر اظہارِ تشکر کیا۔

اعزاز اور روایتی استقبالیہ
جی ایچ کیو آمد پر کرنل جنرل کریم ولیئیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کی شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.