وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی عالمی مالیاتی اداروں سے ملاقاتیں، اقتصادی تعاون پر اہم تبادلہ خیال

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے موسم بہار اجلاس کے موقع پر عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ عالمی بینک کے جنوبی ایشیا کے نائب صدر مسٹر مارٹن رائزر سے ملاقات کے دوران پاکستان کے لیے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کی منظوری پر شکریہ ادا کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن اور توانائی کے شعبے میں عالمی بینک کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے CPF پر جلد عملدرآمد اور ترجیحی منصوبوں کو جلد طے کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔ وزیر خزانہ نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے رکاوٹیں دور کرنے اور ایک مؤثر مانیٹرنگ سسٹم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے ڈوئچے بینک کے وفد سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان کی حالیہ مالی و مانیٹری پیشرفت پر تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے معیشت کی بہتری، مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس پر روشنی ڈالی۔

مزید برآں، وزیر خزانہ نے موڈیز کی کمرشل ٹیم سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے اقتصادی منظرنامے پر بریفنگ دی۔ انہوں نے پانڈا بانڈ کے اجرا سے متعلق تازہ پیش رفت بھی شیئر کی اور مستقبل میں ممکنہ تعاون پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

یہ ملاقاتیں پاکستان کی عالمی سطح پر اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

Comments are closed.