پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے درمیان پہلی دو طرفہ مشق کراچی میں مکمل

کراچی: پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے مابین پہلی دو طرفہ مشق کراچی میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ اس مشق کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان عملی تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانا تھا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، مشق میں مختلف تربیتی سرگرمیاں شامل تھیں جن میں لائیو فائرنگ، سمندری اور زمینی آپریشنز، شہری علاقوں میں فوجی کارروائیوں کی مشق اور مختلف ہتھیاروں کا استعمال شامل تھا۔ مشق کے دوران جنگی منظرناموں پر مبنی ڈرلز کے ذریعے دونوں افواج نے اپنی حربی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مشق کا اختتام ایک جامع ساحلی آپریشن پر ہوا جس میں خشکی اور سمندر دونوں سے درپیش خطرات سے نمٹنے کی عملی تربیت دی گئی۔ اس دوران مشترکہ ٹیموں نے مختلف چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اپنی جنگی تیاری اور صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس دوطرفہ مشق کا انعقاد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اور دیرینہ دفاعی تعلقات کا عکاس ہے۔ یہ مشق دونوں ممالک کے درمیان اس عزم کی توثیق بھی کرتی ہے کہ وہ خطے میں امن، استحکام اور سیکیورٹی کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھیں گے۔

Comments are closed.