بنوں: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے نورڑ میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے شاہراہ عام پر ناکہ بندی کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سلیم عباس کلاچی کے مطابق دہشت گردوں نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے اور شہریوں کو یرغمال بنانے کے لیے اہم سڑک بند کرنے کی کوشش کی، لیکن پولیس کے پہنچنے پر وہ فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ ان کے قبضے سے بھاری ہتھیار، سنائپر رائفلز اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔
ڈی پی او نے بتایا کہ تھانہ میریان پر بھی فتنہ الخوارج کی جانب سے ڈرون کے ذریعے حملے کی کوشش کی گئی، جسے پولیس نے فوری ردعمل دے کر ناکام بنا دیا۔ دونوں کارروائیوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سلیم عباس کا کہنا تھا کہ بنوں پولیس ہر بزدلانہ کارروائی کا ڈٹ کر جواب دے رہی ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات مستعد ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو علاقے میں قدم جمانے نہیں دیا جائے گا، اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا خوف و خطر جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی تھانہ میریان کی حدود میں دہشت گردوں کی کثیر تعداد میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے فوری کارروائی کی تھی۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق دہشت گرد مقامی آبادی سے زبردستی چندہ بھی اکٹھا کر رہے تھے۔
ڈی پی او سلیم عباس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بنوں کو ہر حال میں محفوظ بنایا جائے گا اور پولیس فورس عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
Comments are closed.