نیویارک:وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سے ملاقات کی ہے اور انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، غیرقانونی آبادیاتی تبدیلیوں سے آگاہ کیا۔
وزیرخارجہ کے طور پر اپنے پہلے دورہ امریکہ کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے نیویارک میں ملاقات کی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور امریکا میں سفیر سردار مسعود خان بھی ملاقات میں شریک تھے۔ جس میں وزیر خارجہ نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں کثیرالجہتی تعلقات اور اقوام متحدہ کی اہمیت پر زور دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے، پاکستان نے ہمیشہ ان اصولوں کے مطابق عالمی مسائل کے حل کی حمایت کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ہندوستان کے غیرقانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور غیر قانونی آبادیاتی تبدیلیوں کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالی اور جموں و کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن سے ملاقات کریں گے جس میں پاک امریکا دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ جس کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور اطالوی وزیر برائے خارجہ و بین الاقوامی تعاون لوایجی ڈی مے او کے درمیان ملاقات شیڈول ہے۔
بلاول بھٹو زرداری آج اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر عبداللہ شاہد کے ساتھ ملاقات کریں گے جس کے بعد وزیر خارجہ عالمی تحفظ خوراک بارے اقدامات سے متعلق اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
Comments are closed.