وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا یو اے ای میں پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر زور

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زیدالنیہان سے ملاقات میں متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا معاملہ اٹھا دیا، انہوں نے پاکستانیوں کے مسائل جلد حل کی ضرورت پر زور دیا ہے

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زیدالنہیان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیاگیا، وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کےمابین،گہرے، تاریخی، برادرانہ تعلقات ہیں، یو اے ای نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیرخارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں امن و امان کی مخدوش صورت حال سے آگاہ کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے اب تک سامنے آنے والی مثبت پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یو اے ای میں مقیم 16 لاکھ کے قریب پاکستانی گذشتہ کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے جلد از جلد ازالے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کورونا وبا کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں متحدہ عرب امارات کی طرف سے فراہم کردہ معاونت قابلِ تحسین ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کے فروغ کیلئے ادارہ جاتی میکنزم بنانے اورمشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پراتفاق کیا۔ وزیرخارجہ  شاہ محمود قریشی نے اپنے اماراتی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔

Comments are closed.