تکنیکی لوازمات پورے،پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا جواز نہیں، وزیرخارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے تکنیکی لوازمات پورے کر دیئے ہیں، اب پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا، اگر پاکستان پر محض ایک تلوار لٹکانا مقصود ہے تو یہ اور بات ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کاکہنا ہےکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ایک ٹیکنیکل فورم ہے، پاکستان تکنیکی لوازمات پورے کرچکاہے، ہمیں 27 ایکشن آئٹمز دیے گئے جس میں سے 26 پر کام مکمل کر چکے ہیں، ستائیسویں نکتے پر بھی بھرپور کام ہو چکا ہے، اس صورت حال میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا، اگر پاکستان پر محض ایک تلوار لٹکانا مقصود ہے تو یہ اور بات ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ اجلاس میں کیا فیصلہ ہوتا ہے، بھارت اس فورم کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتا ہے، بھارت کو اس فورم کے سیاسی استعمال کی اجازت نہیں ملنی چاہیئے، پاکستان کو مزید گرے لسٹ میں رکھنا نامناسب ہو گا، پاکستان نے عالمی رائے اور قومی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے، پاکستان نے دیگر ممالک کو اعتماد میں لیا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی سطح پر مختلف ممالک کی قیادت سے رابطے کیے، پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے، گرے لسٹ کا تحفہ ہمیں ورثے میں ملا،ہماری حکومت آنے سے پہلے پاکستان گرے لسٹ میں جا چکا تھا، ہم نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا اعتراف کر رہی ہے کہ ایسے ٹھوس اقدامات، پاکستان میں پہلے کسی حکومت نے نہیں اٹھائے، میری نظر میں پاکستان ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کر چکا ہے، وزارتِ خارجہ اپنا واضح موقف پیش کر چکی ہے اور بہت سے ممالک پاکستان کے موقف کو تسلیم بھی کر چکے ہیں، چاہتے ہیں پاکستان گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آ جائے۔

Comments are closed.