شاہ محمود قریشی کا یو اے ای سے پاکستانیوں کیلئے ویزہ مشکلات ختم کرنے کا مطالبہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت ریم الحاشیمی سے ملاقات میں یو اے ای ویزہ حصول میں پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اورمتحدہ عرب امارات کی وزیرمملکت ریم الحاشیمی کے درمیان ملاقات نائجر کے شہر نیامے میں او آئی سی کی 47 ویں وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

جس میں دو طرفہ تعاون، کورونا کی صورتحال، دبئی ایکسپو میں پاکستان کی شمولیت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں یو اے ای کے ساتھ وسیع تعاون کےحوالے سے بات کی۔

دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اماراتی وزیر مملکت نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل سے خطاب میں اسلاموفوبیا کے خاتمے کیلئے قراراد کی تجویز کو سراہا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے ویزے کے حصول کے عمل میں پاکستانی شہریوں کو درپیش مشکلات پر بات کرتے ہوئے زور دیا کہ ان معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے دوران اسلامی تعاون تنظیم سے متعلقہ امور اور اس فورم کو امت مسلمہ کا متفقہ اور بنیادی پلیٹ فارم بنانے کے لئے اقدامات پر بات کی، فریقین نے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لئے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

Comments are closed.