وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کینیڈا میں پاکستانی خاندان کو کچلنے کے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹن ٹروڈو کینیڈا میں مسلمانوں کا اعتماد بحال کرنے،تحفظ یقینی بنانے کیلئے کردارادا کریں۔
کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعہ سے متعلق اپنے بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ واقعہ اتوار کی رات 8 بجے رونما ہوتا ہے، اہل خانہ کو اطلاع اگلے روز دی جاتی ہے، متاثرہ فیملی کے ساتھ پہلا رابطہ ٹورانٹو میں پاکستانی قونصل جنرل کا ہوا، متاثرہ خاندان اس المناک سانحہ کے باعث کرب کا شکار ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستانی قونصلیٹ نے میتیں پاکستان بھجوانے کی پیشکش کی تاہم متاثرہ فیملی نے اپنے پیاروں کی کینیڈا میں ہی تدفین کرنے کا فیصلہ کیا، واقعہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین بے گناہ نسلیں اس واقعہ سے متاثر ہوئی ہیں، پولیس کی تحقیقات کے مطابق اس واقعہ میں اسلاموفوبیا کا عنصر موجود ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کے نزدیک یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، پاکستانی قونصل جنرل ٹورانٹو نےبتایا کہ پولیس کا رویہ اطمینان بخش ہے، جو باڈیز ملیں وہ قابلِ شناخت نہیں،ابھی تک پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہو رہا ہے،یہ بہت بڑا المیہ ہے، انہوں نے کہا کہ یہ کینیڈین معاشرے کا امتحان ہے، وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کینیڈا میں مسلمانوں کا اعتماد بحال کرنے اور ان کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے کردارادا کریں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری آنکھیں اس غم کی وجہ سے نم ہیں، انہوں نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، اور اگر نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت ملے تو ضرور شامل ہوں ورنہ غائبانہ نمازجنازہ ادا کریں، انہوں نے کہا کہ جاں بحق سید افضال فیزیوتھراپسٹ اور پڑھے لکھے شخص تھے ان کا پاکستان میں تعلق لاہور سے تھا، جب تک مکمل رپورٹ سامنے نہیں آجاتی، کچھ بھی حتمی طور پرنہیں کہا جاسکتا۔
Comments are closed.