وزیرخارجہ فلسطینیوں پرمظالم کیخلاف عالمی توجہ مبذول کرانے کے مشن پر امریکا روانہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیل کے مظالم کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کیلئے نیویارک روانہ ہو گئے۔

فلسطین، سوڈان اور ترکی کے وزرائے خارجہ بھی مخدوم شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ترکی سے نیویارک روانہ ہوئے، جہاں پر وہ 20 مئی کو فلسطین کے حوالے سے منعقدہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیر خارجہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پرپاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم کی روک تھام کیلئے بھرپور آواز بلند کریں گے۔

وزیرخارجہ نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، وزیرخارجہ نیویارک میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ترکی میں ،نیویارک روانگی سے قبل فلسطینی ہم منصب ڈاکٹر ریاض المالکی کے ساتھ ملاقات کی، شاہ محمود قریشی نے اسرائیلی فوج کی جارحیت، مسجد اقصٰی پر حملوں اور فلسطینیوں کی جبراً بے دخلی کی شدید مذمت کی اور معصوم فلسطینیوں بالخصوص بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کی اس حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے، انہوں نے عالمی برادری کی توجہ فلسطین میں جاری اسرائیلی فوج کی جارحیت کی طرف مبذول کروانے اور مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کیلئے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے فلسطینی ہم منصب کو وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت  کی جانب سے،حق خود ارادیت کی اس جدوجہد میں مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستانی قوم  اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

فلسطینی وزیر خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے واضح، دو ٹوک اور اصولی موقف کو سراہتے ہوئے، علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی معاونت پر پاکستان کی قیادت اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

Comments are closed.