پاکستان نے آئی ایم ایف پیکج کے بدلے یوکرین کو اسلحہ فراہمی کی خبر کی تردید کردی

اسلام آباد: پاکستان نے آئی ایم ایف پیکج کے حصول کیلئے یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے سے متعلق امریکی جریدے کی خبر کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کے درمیان مشکل لیکن ضروری اقتصادی اصلاحات لاگو کرنے کے حوالے سے کامیاب مذاکرات ہوئے جس کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے پیکج کی منظوری دی گئی۔ ان مذاکرات کو کوئی اور رنگ دینا غلط ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازعہ کے معاملے پر پاکستان کی مکمل طور پر غیرجانبدارانہ پالیسی ہے، پاکستان نے یوکرین کو اسلحہ و گولہ بارود فراہم نہیں کیا، اس تناظر میں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دفاعی برآمدات میں صارف کی سخت ضروریات کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی جریدے ‘دی انٹرسپٹ’ کی جانب سے رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے یوکرینی فوج کیلئے خفیہ اسلحہ فروخت کے بعد میں امریکا نے متنازعہ آئی ایم ایف پیکج کے حصول کیلئے اسلام آباد کی مدد کی ہے ، روس یوکرین جنگ میں کسی ایک فریق کی حمایت کرنے کے حوالے سے پاکستان کو امریکی دباؤ کا سامنا رہا ہے۔

Comments are closed.