فارن فنڈنگ کیس:عمران خان کو منگل تک حفاظتی ضمانت مل گئی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے اور پولیس کو منگل تک عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا
اسلام آباد : سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے ایک بار پھر ریلیف مل گیا۔عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی 5 ہزار مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔عدالت نےایف آئی اے اور پولیس کو منگل تک عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں حفاظتی ضمانت سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کرتے ہوئے استفسار کیا یہ ایف آئی اے کا مقدمہ ہے تو سپیشل کورٹ اس کیس کو کیوں نہیں سن رہی۔
ایڈیشنل اٹارنی نے کہا مجھے معلوم نہیں کہ سپیشل کورٹس اس کیس کو کیوں نہیں سن رہی۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم اس کیس کو زیر سماعت رکھتے ہیں اور حفاظتی ضمانت دیتے ہیں۔اگر یہ معاملہ حل نہیں ہوتا تو ہم آپ کی درخواست کو دوبارہ سنیں گے۔بعدازاں عدالت نے پانچ ہزار روپے مچلکوں کے عوض عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو منگل تک گرفتاری سے روکنے کا حکم دیدیا۔
Comments are closed.