سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے ایک شخص کوتوہین مذہب کے مبینہ الزام پربہیمانہ تشدد کرکے قتل کرنے کے بعد اس کی لاش نذرِ آتش کردی۔ قتل ہونے والا شخص ایک فیکٹری کا منیجرتھا اوراس کا تعلق سری لنکا سے تھا۔
صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری علاقے میں روانہ کردی گئی ہے۔واقعہ سیالکوٹ کے وزیرآباد روڈ پر پیش آیا جہاں مبینہ طور پر نجی فیکٹریوں کے ورکرز نے ایک فیکٹری کے ایکسپورٹ مینیجر پر حملہ کر کے اسے قتل کیا اور اس کے بعد آگ لگادی۔
ڈی پی او عمر سعید ملک کے مطابق یہ واقعہ سیالکوٹ کے علاقے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا جہاں نجی فیکٹری کے منیجر کو ملازمین نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔پولیس کا کہناہے کہ ملازمین نے وزیر آباد روڈ پر واقع فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی اور سڑک پر ٹریفک بلاک کردی،واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔
پولیس کےمطابق مشتعل افراد سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین نے وزیر آباد روڈ پر ٹریفک بحال کردی۔ڈی پی او کا بتانا ہےکہ غیرملکی منیجر کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔
Comments are closed.