پاک افغان بارڈر پر خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام، 15 سے زائد دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔

ذرائع کے مطابق 27 اور 28 دسمبر کی درمیانی رات فتنہ الخوارج کے 20 سے 25 خارجیوں نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے کُرم اور شمالی وزیرستان میں دو مقامات سے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بر وقت کارروائی کر کے در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ 28 دسمبر کو علی الصبح خارجیوں اور افغان طالبان نے ملکر پاکستانی پوسٹوں پر بِلا اشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائر کھول دیا، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے اس بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔

مصدقہ ذرائع کے مطابق افغانستان سائیڈ پر بھاری نقصانات کی ابتدائی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، مؤثر جوابی فائر نگ سے 15 سے زائد خارجیوں اور افغان طالبان کے ہلاک ہونے اور متعدد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں، موثر جوابی کارروائی اور گولا باری سے افغان طالبان چھ پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بارہا عبوری افغان حکومت سے فتنہ الخوارج کو پاکستان کے خلاف اپنی سر زمین نہ استعمال کرنے کا کہا ہے، افغان طالبان فتنہ الخوارج کو کنٹرول کرنے اور ان دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کرنے کے بجائے ان کی مسلسل معاونت کر رہے ہیں۔

ذرائع نے مزید کہا ہے کہ فتنہ الخوارج افغانستان میں پوری آزادی کے ساتھ موجود ہیں اور پاکستان مخالف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے افغان سر زمین کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں، پاکستانی سکیورٹی فورسز کسی بھی طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

Comments are closed.