سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی نظربندی من مانی ہے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے:اقوام متحدہ

جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپ “یو این ورکنگ گروپ آن آربٹریری ڈیٹینشن” نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قید میں رکھا گیا ہے۔ اس لئے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے اور غیر قانونی قید میں رکھنے پر ہرجانہ ادا کیا جائے۔

یواین ورکنگ گروپ آن آربٹریری ڈیٹینشن کا کہنا ہے کہ’’سابق وزیر اعظم عمران خان پہلے توشہ خانہ کیس میں اور سائفر کیسز میں بظاہر “قانونی بنیادوں کے بغیرحراست میں ہیں‘‘ اور ایسا لگتا ہے کہ یہ کیس سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے ہیں تاکہ انہیں سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے سے روکاجا سکے۔‘‘

اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ نے کہا کہ اس کا مناسب حل یہ ہوگا کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور بین الاقوامی قانون کے مطابق انہیں اس حراست کے باعث معاوضے اور دیگر ازالے کا قابلِ عمل حق دیا جائے۔

جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قانونی پریشانیاں ان کے اور ان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف “جبر کی کہیں زیادہ بڑی مہم” کا حصہ تھیں۔

عالمی ادارے کے گروپ نے نوٹ کیا کہ 2024 کے انتخابات سے قبل، عمران خان کی پارٹی کے ارکان کو گرفتار کر کے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے جلسے جلوسوں میں خلل ڈالا گیا۔

گروپ نے یہ الزام بھی لگایا ہےکہ انتخابات کے دن “وسیع پیمانے پر فراڈ ہوا ، اور درجنوں پارلیمانی نشستوں کو ہتھیا لیا گیا۔”

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.