فرانس نے کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھتے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک میں ’کوویڈ ہیلتھ پاس‘ کے نام پر نئی پابندیاں نافذ کر دیں۔
پابندیوں کو اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شہری ویکسی نیشن کے ثبوت، منفی کورونا ٹیسٹ رپورٹ یا کورونا سے حال ہی میں صحت یابی کے سرٹیفیکیٹ کے بغیر میوزیم اور سینما گھروں میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔قانون سازوں کی جانب سے اگست میں ان پابندیوں کو کیفے، ریسٹورنٹس اور شاپنگ مالز کے لئے بھی نافذ کرنے کے حوالے سے بحث جاری ہے۔
فرانس میں پابندیاں فرانسیسی وزیر صحت کی جانب سے قومی اسمبلی میں اس بیان کے بعد لگائی گئی ہیں جس میں اولیویئر ویرن نے بتایا تھا کہ ایک دن میں فرانس میں 18 ہزار مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس قدر زیادہ تعداد میں کورونا کیسز پہلے سامنے نہیں آئے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے ملک بھر میں تمام ہیلتھ ورکرز کیلئے ستمبر تک ویکسینیشن لازمی قرار دی ہے، بعض سرویز میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فرانسیسی عوام کی بڑی تعداد ویکسین لگوانے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے جب کہ ملک کے مختلف حصوں میں حکومتی پابندیوں کے خلاف احتجاج بھی کیا جا رہا ہے۔
اگر فرانسیسی صدر کے مجوزہ منصوبے کے تحت پابندیاں لگا دی گئیں تو آئندہ چند ہفتوں سے فرانسیسی شہری کورونا منفی رپورٹ کے بغیر کافی شاپس میں بیٹھ کر کافی پی سکیں گے ناں ہی ٹرین میں سفر کر سکیں گے۔ شاپنگ سینٹرز اور عوامی مقامات پر جانے کے لئے بھی ’کوویڈ ہیلتھ پاس‘ لازمی قرار دیا جائے گا۔
Comments are closed.