آزاد اور باخبر صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد اور باخبر صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، حکومت پاکستان صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور آزادیِ اظہار کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔

آزادیِ صحافت کی اہمیت پر زور
اسلام آباد میں صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ صحافت کا کردار جمہوریت کے استحکام میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی عوام کو حقائق تک رسائی فراہم کرتے ہیں اور سچائی کے علمبردار ہوتے ہیں، ان کے خلاف کسی بھی قسم کا تشدد یا دھمکی دراصل آزادیِ اظہار پر حملہ ہے۔

قلم کے مجاہدوں کو خراجِ تحسین
شہباز شریف نے اُن تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے حق و سچ کی خاطر مشکلات برداشت کیں، اور اُن اہلِ قلم کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو فرضِ منصبی کے دوران کھو دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے صحافی جمہوریت کے حقیقی محافظ ہیں جنہوں نے سچ بولنے کی قیمت چکائی۔

حکومتی اقدامات اور عزم
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول دینے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسے تمام اقدامات کیے جائیں گے جن سے صحافیوں کے خلاف جرائم کی مؤثر تفتیش، انصاف کی فراہمی اور مجرموں کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

بین الاقوامی برادری سے اپیل
شہباز شریف نے بین الاقوامی برادری، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اظہارِ رائے کی آزادی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد صحافت ایک مضبوط، شفاف اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔

Comments are closed.