گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر فرانسیسی سفیر کی دفترخارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج
فرانسیسی صدرکے بیان نےجلتی پرتیل کا کام کیا،کسی کوحق نہیں کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کرے، وزیرخارجہ
اسلام آباد:پاکستان نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر اور صدر ایمانوئل میکرون کے اسلام مخالف بیانات پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، اسلام آباد میں فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا۔
فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر اور صدر ایمانوئل میکرون کے اسلام مخالف بیانات کی پاکستان نے سخت مذمت کی ہے، اسلام آباد میں فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، پاکستان نے فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیان پر بھی شدید احتجاج اور دو ٹوک موقف پیش کیا، اس موقع پر حکومت پاکستان کی جانب سے احتجاجی مراسلہ بھی فرانسیسی سفیر کو تھمایا گیا۔
قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گستاخانہ خاکوں سے پوری دنیا میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، اقوام متحدہ فی الفور اسلام کےخلاف اس نفرت انگیز بیانیہ کا نوٹس لے اور اس کے ایسی اقدامات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرے۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر پاکستان کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کیا ہے، انہوں نے کہا کہ آج نفرت کے جو بیج بوئے جا رہے ہیں ان کے نتائج شدید ہوں گے، ایسے اقدامات سے متشدد رویوں میں اضافہ اور معاشرے مزید تقسیم ہوں گے۔
وزیر خارجہ نے فرانس کے صدر کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی صدر کے غیرذمہ دارانہ بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا، کسی کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کرے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ایسا نہیں ہوا، کچھ عرصہ قبل چارلی ہیبڈو نے گستاخانہ خاکے شائع کیے جس ہر پاکستان نے شدید احتجاج کیا اور سخت الفاظ میں مذمت کی، کبھی قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے واقعات سامنے آتے ہیں،وزیر اعظم نے رواں برس اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اسلام کے خلاف نفرت انگیز بیانیے اور اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھائی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیس بک کے بانی مارک زکر برک سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح ہولوکاسٹ پر مبنی مواد کی اشاعت نہیں کی جاتی اسی طرح سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اسلام کے خلاف گستاخانہ مواد کی اشاعت کو بھی روکا جائے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ وہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایک جامع قرار داد پیش کروں گا جس میں اسلام کے خلاف نفرت انگیز بیانیے، اسلاموفوبیا کے خلاف موثرحکمت عملی اپنانے اور 15 مارچ کا دن اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے طور پر منانے کی تجویز دیں گے۔
Comments are closed.