تارکین وطن کیلئے انٹرنیٹ ووٹنگ منصوبہ۔۔عملدرآمد کیلئے28 کروڑروپے منظور

وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت حکومت کی جانب سے اہم اقدام سامنے آیا ہے، بین ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے انٹرنيٹ ووٹنگ پرعملدرآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے آلات کی خریداری اور کنسلٹنسی کے لئے28 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی۔

وزیر خزانہ حماد اظہر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ای ووٹنگ کے لئے جامع سٹڈی کرانے اور ضروری آلات کی خریداری کیلئے فنڈز فراہمی کی سمری پیش کی گئی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشنز کی سمری کے مطابق تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کے لئے صدرمملکت کی سربراہی میں کمیٹی کے اجلاس ہوئے جس کے فیصلوں کی روشنی میں انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق الیکشن کمیشن اور نادرا سے مشاورت مکمل کی گئی۔

سمری کے مطابق انٹرنیٹ ووٹنگ کے حوالے سے اقدامات کی ذمہ داری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو سونپی گئی اس حوالے سے مختلف پہلووں کی جامع سٹڈی کرانے کیلئے ایک غیر جانبدار کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی کنسلٹنٹ کی پیش کردہ سفارشات کی روشنی میں انٹرنیٹ ووٹنگ کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔

دستاویز کے مطابق انٹرنیٹ ووٹنگ کے کے تکینیکی پہلووں اور شفافیت کے عمل کی نگرانی خود وزیراعظم عمران خان بھی کررہے ہیں،  انٹرنیٹ ووٹنگ کے آپریٹنگ اخراجات اور کنسلٹنسی سروسز پر آنے والے اخراجات، کے لئے وزارت آئی ٹی نے 28 کروڑ روپے کےفنڈز مانگ لئے ہیں فنڈز کی فراہمی کی منظوری کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی دے گی جس کے بعد اس منصوبے پر عملدرآمد کو آگے بڑھایا جائے گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کی سمری منظور کرتے ہوئے الیکٹرانک ووٹنگ کیلئے 28 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی تنظیم نو کے منصوبے کی منظوری دے دی، صدر و وزیراعظم کے وی وی آئی پی جہازوں کی مرمت کیلئے 33 کروڑ روپے کی گرانٹ منظوری دی گئی، تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ پرزہ جات کی خریداری پر خرچ ہوگی۔ وزیراعظم کے اسکل فار آل پروگرام کیلئے 2 ارب 38 کروڑ روپے، جب کہ وزارت توانائی کیلئے 38 کروڑ سے زائد کی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔

Comments are closed.