اسلام آباد: مہنگائی کے مارے اور بحرانوں کے ستائے پاکستانی عوام کے لئے ایک اور بری خبر ہے، سردی میں اضافے کے ساتھ طلب بڑھ جانے سے آئندہ چند ہفتوں میں گیس بحران مزید شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا موسم سرما کی شدت میں اضافے کے ساتھ گیس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے جو آنے والے دنوں میں سردی بڑھنے سے 7 ارب مکعب فٹ یومیہ تک پہنچنے کا امکان کا ہے جب کہ ایل این جی اور دیگر وسائل استعمال کرنے کے باوجود گیس فراہمی ساڑھے 4 ارب مکعب فٹ یومیہ ہوگی۔
جس کے باعث گیس شارٹ فال اڑھائی ارب مکعب فٹ یومیہ تک پہنچ سکتا ہے، گیس بحران 20 دسمبرسے 21 جنوری کے دوران بدترین صورت اختیار کر سکتا ہے، جس سے سب سے زیادہ گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔
ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی کو بتایا ہے کہ حکومت مستقبل کے ممکنہ بحران کے پیش نظر ہنگامی سطح پر کوششوں میں مصروف عمل ہے اور بحرانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اضافی ایل این جی درآمد یقینی بنائی جا رہی ہے، تاہم اس میں کچھ وقت لگے گا جس کے باعث گیس شارٹ فال میں اضافے سے عوامی مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔
Comments are closed.