اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 1417 ہوگئی

 حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 1300 ہوگئی جب کہ غزہ پر ہفتے سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 1417 تک پہنچ گئی اور 6 ہزار 268 افراد زخمی ہیں، اسرائیل نے اپنے باشندوں کی رہائی تک غزہ کی پانی، بجلی، خوراک اور ایندھن کی سپلائی بحال کرنے سے انکار کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی حریت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر تاریخی اور حیران کن حملے کے بعد اسرائیلی افواج کی مشتعل ہوکر ہفتے سے غزہ پر بمباری جاری ہے، اسرائیلی افواج بلاامتیاز رہائشی عمارتوں، خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنارہی ہیں جس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اب تک 1417 افراد کی شہادتوں اور 6 ہزار 268 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے ان میں 447 بچے اور 248 خواتین شامل ہیں،اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ پر جاری بمباری کے سبب تاحال غزہ سے دو لاکھ سے زائد فلسطینی باشندے بے گھر ہوکر کیمپوں میں پناہ گزیں ہوچکے ہیں اور ان کی تعداد بڑھتی جاری ہے۔دوسری جانب اسرائیل کی وزارت صحت نے اپنے 1300 شہریوں کی ہلاکت اور 2800 شہریوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

Comments are closed.